قرآن پاک کی توہین مسلم اقوام پر حملہ، آیت اللہ زکزکی
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی توہین، دنیا کے مختلف حصوں میں مسلم اقوام پر حملہ ہے۔
ایران پریس کے نامہ نگار کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں شیخ ابراہیم زکزکی نے قرآن کریم کی توہین جاری رہنے اور اس سازش کو ناکام بنانے میں مسلمانوں کے کردار کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ تمام اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ آزادی اظہار کے بہانے قرآن کریم کو نذر آتش کرنے کے حامی تمام یورپی ملکوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کیوں یورپ میں قرآن مجید جلایا جاتا ہے، کہا کہ قرآن کریم اللہ تعالی کا وہ واحد پیغام ہے جو کسی بھی تبدیلی اور تحریف سے محفوظ ہے اور یہ آسمانی کتاب ہی پوری انسانیت کی بقا کا واحد راستہ ہے۔
آیت اللہ ابراہیم زکزکی نے مزید کہا کہ مغرب والوں کو معلوم ہو گیا ہے کہ قرآن کریم مسلمانوں کے لیے کتنا اہم ہے اور اس مقدس کتاب سے امت اسلامیہ کی وابستگی کا مطلب یہ ہے کہ انہیں کوئی نہیں بدل سکتا، کیونکہ قرآن پاک کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما نے بعض یورپی ممالک میں قرآن کریم کی توہین جاری رکھنے کے اسلامی ممالک کے اقدامات کے بارے میں کہا کہ امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ ان ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں جو قرآن کریم کی توہین کی حمایت کرتے ہیں۔