عراقی وزیراعظم کا حکومت میں سیاسی اصلاحات کا اعلان
عراقی وزیراعظم نے ملک میں راتوں میں مظاہرے شروع ہونے کے ساتھ ہی حکومت میں سیاسی اصلاحات کا اعلان کیا ہے اور پھر عوام سے کچھ وعدے بھی کئے ہیں۔
عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے ٹیلی ویژن پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پـچیس اکتوبر، عراق کے اتحاد کا دن ہوگا۔
عراق کے وزیراعظم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حکومت پرامن مظاہروں کی حمایت کرتی ہے کہا کہ آئندہ ہفتے وزارتخانوں میں کچھ اصلاحات کی جائیں گی۔
عادل عبدالمہدی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ عدلیہ میں بدعنوانی کی روک تھام کے لئے ایک علیحدہ شعبہ قائم کیا جائے گا۔
عراقی وزیراعظم نے انتخابات میں امیدواروں کی عمر کم کرنے کی کوشش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابات سے متعلق قوانین پر نظرثانی ہوگی۔
عادل عبدالمہدی نے کہا کہ گذشتہ مظاہروں کے دوران گرفتار کئے جانے والے ان تمام مظاہرین کو آزاد کیا جائےگا جنھوں نے عوام کے املاک کو نقصان نہیں پہنچایا ہے اور حکومت سے باہر کے مسلح گروہوں کو عوام اور حکومتی اداروں پر حملے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ کسی قانونی متبادل کے بغیر حکومت کے استعفے کا مطلب ملک کو انارکی اور افرا تفری کے حوالے کر دینا ہے۔