عراقی پارلیمنٹ میں امریکی فوجیوں کو باہر نکالنے پر غور ہوگا
عراقی پارلیمنٹ آئندہ نشستوں میں غیر ملکی فوجیوں کو باہر نکالنے کا سنجیدگي سے جائزہ لے گي۔
عراق کی پارلیمنٹ میں الفتح اتحاد کے ایک رکن جابر الفتلاوی نے بتایا ہے کہ پارلمینٹ کا کام دوبارہ شروع ہو گيا ہے اور اس کی اگلی نشستوں میں عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگي اور ملک سے تمام غیر ملکی فوجیوں کو باہر نکالنے کے موضوع کا تمام جزئیات کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کچھ ایسے بل موجود ہیں جنھیں پارلیمانی کمیٹیوں نے اسپیکر کو دیا ہے اور انھیں پارلیمنٹ کی اگلی نشستوں کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ عراق کی پارلیمنٹ نے، جو اس ملک کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے غیر معمولی اجلاس کے بعد تین مہینے سے بند تھی، سنیچر کے روز دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا ہے۔ پارلیمانی عہدیداروں نے بتایا تھا کہ بیس اراکین پارلمینٹ اور چھبیس پارلیمانی ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کے کام میں دشواری پیدا ہو گئي تھی۔