امریکی فوجیوں کو عراق سے نکلنا ہی ہوگا: عراقی اراکین پارلیمنٹ
عراق کے متعدد اراکین پارلیمنٹ نے ایک بار پھر زور دے کر کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کو عراق سے نکلنا ہوگا۔
عراقی پارلیمنٹ میں الفتح اتحاد کے رکن محمد البلداوی نے اپنے ملک میں امریکی فوجیوں کے بے پناہ جرائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے امریکی فوجیوں کو باہر نکالنے کے سلسلے میں پارلیمنٹ کے بل پر عمل درآمد ضروری ہے اور حکومت کو اس پر فوری طور پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ ایک اور رکن پارلیمنٹ انتصار الموسوی نے بھی کہا ہے کہ کچھ لوگ امریکی فوجیوں کو باہر نکالنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عراق کے تمام سیاسی و قومی گروہ، اس سلسلے میں پارلیمنٹ میں منظور شدہ بل پر عمل درآمد کے سلسلے میں متفق اور متحد ہیں۔
ایک دوسرے رکن پارلیمنٹ فاضل جابر نے بھی کہا کہ پارلیمنٹ، امریکا کے ساتھ ماضی میں ہوئے اسٹریٹیجک معاہدے پر بھی نظر ثانی کر کے اسے منسوخ کر سکتی ہے۔ یاد رہے کہ عراقی پارلیمنٹ نے پانچ جنوری کو اپنے ملک سے تمام امریکی فوجیوں کو باہر نکالنے کے بل کو منظوری دی تھی۔