Mar ۰۸, ۲۰۲۱ ۲۱:۳۱ Asia/Tehran
  • شام کے صدر بشارالاسد اور ان کی اہلیہ کورونا میں مبتلا، دونوں کی صحت ٹھیک

شام کے صدارتی دفتر نے ایک بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ صدر بشار اسد اور ان کی اہلیہ اسماء کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بتایا ہے کہ صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر بشار اسد اور ان کی اہلیہ نے کورونا کی وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آيا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں کی صحت ٹھیک ہے اور وہ روزمرہ کے کام کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق دونوں اگلے دو سے تین ہفتے گھر میں آئیسولیشن میں رہتے ہوئے اپنے کام کریں گے۔

صدارتی دفتر کے بیان کے مطابق صدر اسد اور ان کی اہلیہ نے شام کے عوام اور تمام اقوام کے کورونا وائرس کے شر سے محفوظ رہنے کی دعا کی ہے اور شام کے تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کریں۔ دونوں نے اسی طرح شام کے میڈیکل شعبے کو سراہتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ شام میں اب تک تقریبا سولہ ہزار افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے دس ہزار سے زیادہ اس خطرناک وائرس کو شکست دے چکے ہیں جبکہ ایک ہزار ترسٹھ لوگ اس وائرس کے مقابلے میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ٹیگس