Sep ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • جنین پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، 12 فلسطینی شہید و زخمی

غرب اردن کے جنین شہر پر صیہونی فوجیوں کے تازہ حملے میں متعدد فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔

فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے میں تین فلسطینی شہید اور نو دیگر زخمی ہوئے ہیں ۔ غاصب صیہونیوں نے اس حملے میں جنین کو جارحیت کا نشانہ بنایا  اور جنین کیمپ میں تل ابیب میں شہادت پسندانہ کارروائی انجام دینے والے فلسطینی نوجوان رعد حازم کے والد کی رہائشگاہ کا محاصرہ کر کے اس کے گھر پر اینٹی بکتربند میزائل سے حملہ کیا ۔ اس حملے کے بعد فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی بھی ہوئی۔

فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنین پر غاصب صیہونی فوجیوں کی اس جارحیت میں تین فلسطینی نوجوان شہید اور نو دیگر زخمی ہوئے، زخمیوں میں دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

دریں اثنا جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی ونگ سرایا القدس سے وابستہ جنین بریگیڈ نے ایک مختصر بیان میں اعلان کیا ہے کہ جنین بریگیڈ کے جیالوں نے شہر جنین کے جنوب میں واقع جبع میں صیہونی فوجی جارحیت کے جواب میں ایک صیہونی فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں کئی صیہونی فوجی ہلاک اورزخمی ہوئے۔

ٹیگس