شام؛ فضائی حملے میں متعدد دہشت گرد ہلاک، ہتھیاروں کا گودام تباہ
شام میں روس کے آشتی مرکز کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ روسی افواج نے ادلب میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام شام میں روس کے آشتی کے مرکز کے نائب سربراہ آندرے بولدیروف نے بتایا ہے کہ ایک فضائی حملے کے دوران تحریر الشام کے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔مذکورہ روسی فوجی عہدیدار بولدیروف نے بتایا کہ روسی فوج دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے دہشت گردوں کے ڈی- تیس نوعیت کی تین بھاری توپ اور ایس ساٹھ اینٹی ایئرکرافٹ گن سمیت ہتھیاروں کے ایک گودام کو تباہ کردیا۔
اس بیان میں آیا ہے کہ روسی فوج کے اس حملے میں تحریر الشام کے دس دہشت گرد بھی ہلاک کردئے گئے جو شامی فوج کے اڈوں پر گولہ باری میں ملوث رہے ہیں
شام میں روس کے آشتی کے مرکز کے نائب سربراہ نے کہا کہ ان دہشت گرد عناصر نے روسی افواج کے لئے بھی خطرہ پیدا کررکھا تھا انہوں نے کہا کہ ادلب کے جنوبی مضافات میں واقع مصیبین میں دہشت گردوں کے زیر زمین ٹھکانوں کو بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں دہشت گردوں کے دو سرغنے ابویوسف الشامی اور خالد الیوسف المشہور بہ ابو عمر ہلاک اور 22 دیگر بری طرح زخمی ہوگئے۔
قابل ذکر ہے کہ ادلب بفر زون، صوبہ ادلب، حلب، حماہ اور لاذقیہ کے بعض علاقوں پر مشتمل ہے اور دہشت گرد گروہ تحریر الشام کا آخری ٹھکانا شمار ہوتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تحریر الشام دہشت گرد گروہ کو ترکی کی حمایت حاصل ہے۔ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود یہ گروہ وقفے وقفے سے شام کی مسلح افواج اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا رہتا ہے۔ چند روز قبل بھی روسی فوج نے شام کے شمالی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے ایک سو دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
یہ ہوائی حملہ شام میں دہشت گردوں کے ایک تربیتی مرکز پر کیا گیا تھا حملے میں دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ، اسلحہ کا ڈپو اور ہیڈکوارٹر پوری طرح تباہ ہوگیا
اس سے پہلے شامی ذرائع ابلاغ نے شامی فوج کے آپریشن میں شمالی درعا میں کئی داعشی سرغنوں کے مارے جانے کی خبر دی تھی۔ شامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں میں ایوب فاضل جباوی عرف ابوجہاد نامی دہشت گرد بھی شامل ہے۔