غزہ جنگ کا انتقام، امریکی چھاونیوں پر 73 بار ہوئے حملے
پینٹاگون کا کہنا ہے کہ عراق اور شام میں امریکی افواج پر 73 بار حملے کیے گئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: امریکی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے بتایا کہ عراق اور شام میں اس ملک کی افواج پر گزشتہ 40 دنوں میں 73 بار حملے کیے گئے ہیں۔
فارس نیوز کے مطابق امریکی وزارت دفاع کے ایک اہلکار نے فاکس نیوز کو بتایا کہ عراق اور شام میں امریکی افواج پر 17 اکتوبر سے اب تک 73 مرتبہ حملے کیے جا چکے ہیں۔
پینٹاگون کے اس اہلکار نے جس کا نام خفیہ رکھا گیا ہے، کہا کہ ان میں سے تین حملے کل ہوئے۔
اس سے قبل امریکی وزارت دفاع کی نائب ترجمان سبرینا سنگھ نے عراق اور شام میں اپنے ملک کے فوجی اڈوں پر حملوں کے تازہ ترین اعداد و شمار 66 بتائے تھے۔
سبرینا سنگھ نے منگل کی شام پینٹاگون میں ایک پریس کانفرنس کے دوران تصدیق کی کہ عراق اور شام میں امریکی فوجی اڈوں پر مزاحمتی تنظیموں کے حملوں کے نتیجے میں 62 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کے آغاز سے اب تک اس علاقے میں درجنوں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ عراقی مزاحمتی تحریک امریکہ کو فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے حملوں کا اصل ذمہ دار سمجھتی ہے۔