یورپ جانے کی کوشش کے دوران ایک اور شامی بچی ڈوب گئی
Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
-
یورپ جانے کی کوشش کے دوران ایک اور شامی بچی ڈوب گئی
یورپ جانے کی کوشش کرنے والے شامی پناہ گزینوں کی ایک کشتی الٹنے سے ایک پانچ سالہ شامی بچی سمندر میں ڈوب گئی- اس طرح یورپ جانے کی کوشش میں سمندر میں ڈوبنے والے بچوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔
یونان کی آنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یونان کی کوسٹ گارڈ کو ہفتے کے روز یونان کے ساحل سے ایک پانچ سالہ شامی بچی کی لاش ملی ہے جبکہ کوسٹ گارڈ نے کشتی میں سوار تیرہ افراد کو بچا لیا ہے اور باقی افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے-رواں ماہ ستمبر کے شروع میں ایک تین سالہ شامی بچے آیلان کردی کی لاش ساحل سمندر پر ملنے کے بعد دنیا والوں کی توجہ شامی پناہ گزینوں کی طرف مبذول ہو گئی تھی- مہاجرت کے بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے مہینے سے لے کر اب تک بحیرہ روم عبور کر کے یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والوں میں سے دو ہزار چھ افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو چکے ہیں-
یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے زیادہ تر پناہ گزینوں کا تعلق افریقہ اور مشرق وسطی کے جنگ سے متاثرہ علاقوں خصوصا شام سے ہے-
شام دو ہزار گیارہ سے دہشت گردی کا شکار ہے اور شام میں اب تک تقریبا ڈھائی لاکھ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں-