Oct ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۴۴ Asia/Tehran
  • ترکی کا شام میں دہشت گردوں کے خلاف روسی حملے بند کرنے کا مطالبہ
    ترکی کا شام میں دہشت گردوں کے خلاف روسی حملے بند کرنے کا مطالبہ

ترکی نے روس سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی اور میزائلی حملے بند کردیئے جائیں۔

ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے جمعرات کو ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ روس شام میں داعش کے مراکز کو نشانہ نہیں بنا رہا ہے۔ انھوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ شام میں فضائی اور میزائلی حملے فوری طور بند کردیئے جائیں۔ ترکی کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام کے بحران کے سیاسی حل کے لئے روس سمیت ہر ملک کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔


انھوں نے کہا کہ ترکی روس کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتا لیکن اس کا مطالبہ ہے کہ روس ترکی کی فضائی حدود کا احترام کرے ۔
ترکی کے وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے اسی کے ساتھ تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ مشرق وسطی میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے جس کو روکنا ضروری ہے۔


انھوں نے اسی کے ساتھ یہ بھی کہا کہ فی الحال تیسری عالمی جنگ شروع ہونے کا کوئی خاص خطرہ نہیں ہے کیونکہ خوش قسمتی سے ممالک مذاکرات پر قادر اور اس کے لئے آمادہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کسی بھی ملک سے جنگ نہیں چاہتا۔


ترکی کے وزیر اعظم نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ ترکی نے سعودی عرب، قطر اور امریکا کے ساتھ مل کر داعش سمیت مختلف تکفیری دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت کے ذریعے عراق اور شام کے بہت سے علاقوں کو ویرانے میں تبدیل کردیا ہے اور دونوں ملکوں کے ہزاروں افراد کے دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل عام اور لاکھوں بے گناہوں کے بے گھر اوردربدر ہونے کے اسباب فراہم کئے ہیں ۔


دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک کے چار بحری جہازوں نے جو بحیرۂ خزر میں تعینات ہیں، بدھ کے روز شام میں داعش کے ٹھکانوں پر چھبیس میزائل داغے ہیں- روسی وزارت دفاع کے مطابق ان جہازوں سے جو میزائل داغے گئے ہیں اس کے نتیجے میں شام میں داعش کے گیارہ اڈے تباہ ہوگئے ہیں-


روسی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے مغربی حامیوں سے اس بات کی توقع ہے کہ وہ روس کو یہ بتائیں کہ شام کے کن علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جائے- انہوں نے کہا کہ ماسکو پنٹاگون کے ساتھ تعاون کے دستاویز پر دستخط کے لئے آمادہ ہے- روسی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کارروائی کے آغاز کے وقت سے اب تک روسی لڑاکا طیاروں نے شام میں داعش کے ایک سو بارہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے-


واضح رہے کہ روس نے گذشتہ ہفتے بدھ کے روز سے شام کے صدر بشار اسد کی درخواست پر اس ملک میں دہشت گردوں کے خلاف حملے شروع کئے ہیں-

ٹیگس