عراق: موصل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اسلامیات پر بمباری
-
امریکی اتحاد کے طیاروں نے موصل میں سائنس فیکلٹی اور بادوش سیمنٹ کارخانے پر بھی بمباری کی ہے ۔
امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے عراق کی موصل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اسلامیات پر بمباری کی ہے۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی ذرائع نے اتوار کے دن، بتایا کہ امریکی قیادت والے اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے موصل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف اسلامیات کی عمارت کو بیس سے زیادہ راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں یہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی ہے۔
اس اتحاد کے طیاروں نے موصل میں سائنس فیکلٹی اور بادوش سیمنٹ کارخانے پر بھی بمباری کی ہے ۔ یہ بمباری ایسی حالت میں کی گئی ہے کہ جب عراقی سیکورٹی فورسز موصل کے جنوب میں پیشقدمی کر رہی ہیں۔
عراق کی سیکورٹی فورسز نے جنوبی موصل میں الرماح نامی دیہات کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ عراق میں نینوا آپریشن کی کمان نے بھی جنوبی موصل میں واقع القیارہ شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے وسیع حملے کو ناکام بنانے کی خبر دی ہے۔ جبکہ صوبہ الانبار کے آپریشن کے کمانڈر نے بھی کہا ہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز نے رمادی کے شمال میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے پچیس غیر ملکی عناصر کو ہلاک کر دیا ہے۔