اپنے بچوں اور خواتین کے قتل کی اجازت نہیں دیں گے: جنرل راحیل شریف
Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۲۱:۲۲ Asia/Tehran
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اپنے بچوں اور خواتین کے قتل کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے-
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر، کے مطابق فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو شمالی وزیرستان میں واقع وادی شوال کا دورہ کیا- انہوں نے ضرب عضب آپریشن میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی اور علاقے میں جاری کارروائی میں پیش رفت پر فوجی دستوں کو سراہا- پاکستانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بچوں اور خواتین کو قتل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور یہ کہ دہشت گردوں کے ساتھ تعاون کرنے والوں کے چہروں سے نقاب اٹھائیں گے- جنرل راحیل شریف نے شوال میں مصروف دن گزارا اور بارہ ہزار فٹ اونچی چوٹی پر آپریشن کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک وادی شوال میں دو سو تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے اور وادی میں تعینات فوجی دستوں کے حوصلے بلند ہیں- جنرل راحیل شریف نے فوجی افسروں اور اہلکاروں سے مخاطب ہو کر کہا کہ دہشت گردوں کا ان کے خفیہ ٹھکانوں سمیت صفایا کیا جائے- انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردوں کا ان کے سہولت کاروں سے رابطہ ختم کیا جائے گا-