Jan ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۶ Asia/Tehran
  • کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کر دیں گے: جنرل راحیل شریف

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملک کے صنعتی اور تجارتی شہر کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

کراچی میں سیکورٹی سے متعلق خصوصی اجلاس کے دوران جنرل راحیل شریف نے کہا کہ وہ شہر کو دہشت گردی سے پاک کرنے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس اداروں نے کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا پتہ لگا کر اس پر کاری ضرب لگائی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے انٹیلی جنس اداروں نے دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر تباہ کرنے اور ان کے آپس میں کے رابطے ختم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کا صنعتی اور تجارتی شہر کراچی کافی عرصے سے سیاسی ، مذہبی اور لسانی بنیادوں پر بدامنی کا شکار چلا آ رہا ہے۔ حکومت پاکستان نے دو سال قبل شہر میں دہشت گردی اور دوسرے جرائم کی روک تھام کے لیے آپریشن شروع کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیم فوجی دستے رینجرز اور پولیس کے ٹارگیٹڈ آپریشن کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔