Feb ۰۳, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: پی آئی اے ملازمین کا احتجاج بدستور جاری

پاکستان میں پی آئی اے ملازمین کا احتجاج بدستور جاری ہے جس کے باعث آج بھی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ائرلائن کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث بیشتر شہروں میں پروازوں کا سلسلہ منقطع ہو گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئر لائنز منہ مانگے دام پر ٹکٹ فروخت کر رہی ہیں۔

فیصل آباد میں بھی پی آئی اے ملازمین کا احتجاج جاری ہے اور نویں روز بھی کام بند ہے۔ ملتان ایئر پورٹ سے آج پی آئی اے کی دس پروازیں ملازمین کی ہڑتال کے باعث منسوخ کر دی گئیں۔

کراچی سے بہاول پور اور بہاول پور سے کراچی کی پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ نہیں ہو سکیں، رحیم یار خان میں پی آئی اے کے آفس بند ہیں جس کے نتیجے میں تمام فلائٹ شیڈول معطل ہو گئے۔

سکھر سے اسلام آباد اور کراچی سے سکھر کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں جس کی بناء پر مسافروں کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پی آئی اے کی اسکردو سے اسلام آباد کی دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور گلگت سے اسلام کی پرواز بھی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

چترال سے اسلام آباد کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے۔