ہندوستان اور پاکستان کے سیکریٹری خارجہ کے مذاکرات جلد ہی ہوں گے
ہندوستان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سیکریٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات پٹھان کوٹ ایئر بیس حملے کی تحقیقات سے مشروط نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے نے پیر کو کہا کہ دونوں ہی ممالک سیکریٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات جلد سے جلد دوبارہ شروع کرنے کے لئے رابطے میں ہیں۔
ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ میں وہ مذاکرات کے لئے کوئی مقررہ تاریخ تو نہیں بتا سکتے لیکن دونوں ہی ملکوں کے سیکریٹری خارجہ مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ پیرس اور لاہور میں دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد نئی دہلی اور اسلام آباد کے سرد مہری کے شکار تعلقات میں بحالی کے آثار نظر آنے لگے تھے اور سیکریٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات پندرہ جنوری کو طے پائے تھے لیکن اس سے پہلے ہی پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردانہ حملہ ہو گیا۔
اس حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ملتوی ہو گئے۔
ہندوستان نے پٹھان کوٹ حملے میں جیش محمد کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات اسی صورت میں ہوں گے جب حکومت پاکستان جیش محمد کے خلاف کارروائی کرے گی۔
اس واقعے کے بعد حکومت پاکستان نے ملک میں جیش محمد کے کئی دفاتر سیل اور اس کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا تھا۔