پاکستان اور ہندوستان کے خارجہ سیکریٹریوں کی ملاقات
پاکستان اور ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری، منگل کو نئی دہلی میں ایک دوسرے سے ملاقات کریں گے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے غیر رسمی ملاقات کریں گے۔ ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے بھی اعزاز احمد چودھری اور ایس جے شنکر کے درمیان مجوزہ ملاقات کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق خارجہ سیکریٹری اعزاز احمد چودھری کی قیادت میں پاکستان کا ایک وفد، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کر ے گا۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جامع مذاکرات کے آغاز کے لئے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان ملاقات رواں سال جنوری میں طے تھی تاہم پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کے بعد ہندوستان نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔ خارجہ سیکریٹریوں کی باضابطہ ملاقات کے حوالے سے اب تک دونوں ملکوں کے درمیان کوئی تاریخ طے نہیں پائی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستان اور ہندوستان کے خارجہ سیکریٹریوں کی مجوزہ غیر رسمی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان جامع امن مذاکرات پر پڑی برف پگھلنے کا امکان ہے۔