افغانستان میں امن، خطے کے فائدے میں ہے : سرتاج عزیز
پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کا قیام پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا کہ سرتاج عزیز نے بیجنگ میں سیکا کے وزرائے خارجہ کے پانچویں اجلاس میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کا قیام نہ صرف افغانستان بلکہ پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام پاکستان میں تین عشرے سے زیادہ عرصے سے قیام پذیرلاکھوں افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا سبب بنے گا۔
سرتاج عزیز نے مذکورہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اقوام متحدہ کی نگرانی اور قیادت میں سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے بارے میں کہا کہ اس مسئلے کا منصفانہ اور پائیدار حل مشرق وسطی میں وسیع امن کے قیام کے لئے ایک ناقابل انکار ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ سیکا کے وزرائے خارجہ کا پانچواں اجلاس ایران سمیت چھبیس ممالک کی شرکت سے جمعرات کی صبح بیجنگ میں شروع ہوا ہے۔