May ۱۶, ۲۰۱۶ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کرپشن کے خلاف مہم

پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی حکومت نے ملک میں کرپشن کے خلاف کافی اقدامات کئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ حکومت، کرپشن کا مقابلہ کرنے پر کاربند ہے، اعلان کیا ہے کہ نواز شریف حکومت، ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کے لئے پارلیمنٹ سے بل منظور کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن کا مقابلہ بلا تفریق کیا جائے گا اور پاکستان کی تمام جماعتوں کو چاہئے کہ اپنے اقدامات پر عوام کو جواب دیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ حکومت، اہم قومی مسائل پر تمام جماعتوں سے صلاح و مشورہ کر رہی ہے جبکہ اس نے انتحابات کے قانون کی اصلاح کے بارے میں ایسا ہی کیا تھا۔ انھوں نے پنامہ لیکس دستاویزات کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں حکومت نے عدلیہ کو تحقیقات کے لئے خصوصی کمیشن تشکیل دینے کے تمام اختیارات دے رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ پنامہ لیکس دستاویزات میں پاکستان کے اہم سیاسی حکام کے نام سامنے آنے سے سیاسی ماحول کافی گرمایا ہوا ہے اور حزب اختلاف کی جانب سے ان دستاویزات کو حکومت پر دباؤ بڑھانے کے حربے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔