رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے پاکستان کے دورے پر
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i237625-رہبر_انقلاب_اسلامی_کے_نمائندے_پاکستان_کے_دورے_پر
حج و زیارت کے امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  •  رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے پاکستان کے دورے پر

حج و زیارت کے امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپوٹ کے مطابق حج و زیارت کے امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے نمائندے " حجۃ الاسلام  سید علی قاضی عسکر" نے  اسلام آباد پہنچنے پر پاکستان کے مذہبی امور کے وزیر "سردار محمد یوسف" سے ملاقات کی، منگل کے روز ہونے والی اس ملاقات میں "حجۃ الاسلام سید علی قاضی عسکر" نے تمام اسلامی ملکوں خصوصا ایران اور پاکستان جیسے دو ہمسایہ اور برادر ملکوں کے درمیان "حج ڈپلومیسی" کو جاری رکھتے ہوئے اس کی تقویت پر زور دیا۔

" حجۃ الاسلام " سید علی قاضی عسکر" نے کہا کہ گزشتہ سال حج کے ایّام میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کے پیش نظر ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تعاون اور صلاح و مشورے کے عمل کو بڑھایا جائے۔

ایرانی حج مشن کے سربراہ نے کہا کہ دونوں اسلامی ملکوں "ایران اور پاکستان"  کے باشندے  سفر حج  و عمرہ پر جاتے ہیں جس کے پیش نظردونوں ملکوں کے حکام کے درمیان تعاون میں فروغ، ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا اور باہمی صلاح و مشورہ انتہائی اہم اور ضروری ہے۔ 

ایران کے مقدس مقامات نیزعراق میں نجف اشرف اور کربلائے معلی کی زیارات کی غرض سے ایران آنے والے پاکستانی زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے " حجۃ الاسلام " سید علی قاضی عسکر" نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے اور پاکستانی زائرین کے لئے سہولیات کی فراہمی کو ضروری بتایا۔

حجۃ الاسلام سید علی قاضی عسکر" نے اس ملاقات میں اسلامو فوبیا کے موضوع کو بھی اٹھایا اور عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کی ترویج میں بعض بڑی طاقتوں اور ان کے اتحادیوں کے اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس سازش کا مقابلہ کئے جانے کو ضروری بتایا۔

پاکستان کے مذہبی امور کے وزیر "سردار محمد یوسف" نے اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو نہایت ہی دوستانہ بتایا اور کہا کہ فریضہ حج مسلم امہ کے اتحاد کی علامت ہے اور پاکستان باہمی اتحاد کی تقویت کے لئے ایران کے ساتھ تعاون میں فروغ کے لئے تیار ہے۔

"سردار محمد یوسف " کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی "وزارت مذہبی امور" اور ایرانی حج و زیارت کا ادارہ، فریضہ حج  کے سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور مناسک حج کے تعلق سے دونوں ملک مشترکہ طور پر اس اہم ذمہ داری کو اپنے کاندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔