پاکستان: نواز شریف کے بچوں کو پیر تک کی مہلت
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاناما لیکس سے متعلق سے دائر درخواستوں کو سماعت کے قابل قرار دے دیا۔
پاکستان کی سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں وزیراعظم نوازشریف کے بچوں سے کہا ہے کہ وہ پیر کے دن تک اپنا جواب جمع کرا دیں- جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کے وکیل سلمان بٹ نے نواز شریف کی طرف سے جواب جمع کرائے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی آف شور کمپنی کے مالک نہیں ہیں اور نہ ہی لندن میں کسی فلیٹ کے وہ مالک ہیں- انہوں نے اپنے جواب میں یہ بھی کہا ہے کہ اپنے کسی بھی بچے کے کفیل نہیں ہیں- نواز شریف نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ان کے خلاف درخواست جھوٹی، بے بنیاد اور غیرمصدقہ دستاویزات پر مبنی ہے- اس موقع پر عدالت نے وزیراعظم کے بچوں کی جانب سے جواب داخل نہ کرائے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اصل جواب تو وزیراعظم کے بچوں کا ہو گا، پندرہ روز کی مہلت اسی لئے دی گئی تھی- سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سات مہینے سے پاناما کی بات ہو رہی ہے اور آج حکومت نے پھر مزید وقت مانگ لیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف پر الزام لگایا کہ وہ وقت کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں-