پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش
-
ہندوستان میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط: پاکستان اور ہندوستان کے درمیان صرف مذاکرات ہی تمام مسائل کے حل میں پیشرفت کا واحد راستہ ہے۔
ہندوستان میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ دسمبرمیں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پرہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے پیر کی شام ہندوستانی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر ہندوستان سے بات چیت کیلئے تیار ہے، جو اگلے ہفتے امرتسر میں شروع ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے دورے کے دوران، پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے شیڈول میں ہندوستان سے مذاکرات شامل نہیں لیکن اگر میزبان ملک پیشکش کرتا ہے تو پاکستان اس پیشکش کو قبول کر لے گا۔
پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان صرف مذاکرات ہی تمام مسائل کے حل میں پیشرفت کا واحد راستہ ہے لہذا جلدی یا دیر سے دونوں ممالک کو مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ گذشتہ تین ماہ سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے مابین فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک دونوں جانب سے کافی جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات لگا رہے ہیں جس کی وجہ سے ان ممالک کے سیاسی تعلقات کافی حد تک کشیدہ ہوئے ہیں۔