Dec ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک پیش کرنے اعلان کر دیا

پاکستان کی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک استحقاق اور تحریک التوا پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے، وزیراعظم میاں نواز شریف پر ایوان میں جھوٹ بولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت بدھ کو پارلیمنٹ میں ان کے خلاف دو تحریکیں جمع کرائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ پارلیمنٹ، کہ جس کے سامنے وزیراعظم نواز شریف نے جھوٹ بولا تھا، ان سے جواب طلب کرے گی یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر ہماری تحریکوں پر کارروائی ہوتی ہے تو ہم پارلیمنٹ میں واپس آسکتے ہیں ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کو جوابدہ بنانا ہوتا ہے اور اسی مقصد کے لئے وہ پارلیمنٹ میں جاتی ہے لیکن جب حکومت جواب ہی نہ دے اور جھوٹ بولے تو کیا صرف حاضریاں لگانے وہاں جائیں؟۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پناما لیکس کے معاملے میں وزیراعظم کے مواخذے کا مطالبہ کرتے ہوئے طویل عرصے سے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔