نواز شریف کی مخالفین پر تنقید، دو ہزار اٹھارہ تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب چیزیں درست ہو رہی ہیں تو احتجاج کی ضرورت نہیں ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق چشمہ تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مخالفین رحم کریں کیونکہ دھرنے، قوم کے لیے نقصان دہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم دو ہزار اٹھارہ تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
نواز شریف نے پاک چین تعاون کے بارے میں کہا کہ پاکستان اور چین مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، سی پیک کی وجہ سے پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی سے بےروزگاری ختم ہو گی تو دہشت گردی کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔ پاکستان کے وزیراعظم نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خدا خدا کر کے ہم ڈگر پر چلنے لگے ہیں تو ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔
واضح رہے کہ پانامہ لیکس میں نواز شریف کے بچوں کے نام آنے کے بعد مخالفین خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف نے اس بارے میں تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور اس کے لیے دھرنے دیے اور مظاہرے کیے تھے جس پر سپریم کورٹ نے اس کے بارے میں کیس کی سماعت شروع کی تھی لیکن چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے ریٹائرمنٹ کی وجہ سے ادھوری رہ گئی اور اب نیا بنچ نئے سرے سے اس کیس کی سماعت کرے گا۔