چار جماعتی اتحاد کا نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
Apr ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
پاکستان میں چار جماعتوں کے اتحاد نے اس ملک کے وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مسلم لیگ ق کے تحت چار جماعتی اتحاد نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاناما فیصلے کی ماہیت کے مطابق وزیراعظم نواز شریف، اب ایک ملزم کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔
چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں مسلم لیگ ق، مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کا مشترکہ اجلاس تشکیل پایا۔
اجلاس کے بعد جاری کئے جانے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کو دی جانے والی جے آئی ٹی کی پندرہ روزہ رپورٹ کو منظرعام پر لایا جائے۔ اجلاس میں پاناما ایشو پر گرینڈ الائنس بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔