May ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان: گوادر میں مزدوروں پر حملہ، دس جاں بحق

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں کم سے کم دس مزدور جاں بحق ہو گئے-

پاکستان میں فائرنگ کا یہ واقعہ سی پیک کے تعلق سے پاکستان کی اہم بندرگاہ گوادر میں پیش آیا جس میں دس مزدور جاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے-

سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گوادر کے علاقے پشگان میں سڑک پر جاری تعمیراتی کام میں مشغول مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں آٹھ مزدور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے-

البتہ صوبائی وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں آٹھ افراد مارے گئے ہیں-

سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدوروں کو گوادر کے ضلع اسپتال منتقل کر دیا گیا- سیکورٹی حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد حملہ آور جائے واقعہ سے فرار  ہونے میں کامیاب ہو گئے-

گوادر میں یہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب پاکستانی وزیراعظم، سی پیک منصوبے پر بات چیت کرنے کے لئے، جو گوادر سے ہی متعلق ہے، پاکستان کے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں-

واضح رہے کہ جمعے کو بھی بلوچستان کے علاقے مستونگ میں پاکستانی سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے میں تقریبا افراد جاں بحق ہو گئے تھے-