پاکستان: وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ملک گیر وکلا تحریک کا امکان
پاکستان میں سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی جانب سے وزیر اعظم سے ایک ہفتے کے اندر مستفعی ہو جانے کے مطالبے کے بعد ملک گیر وکلا تحریک شروع ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
پاکستان میں سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر اور سینیئر وکیل اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد سے وزیر اعظم نواز شریف کی ساکھ بہت زیادہ بگڑ چکی ہے جس کی وجہ سے آئندہ دنوں میں وکلا کی ملک گیر تحریک چلنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے-
اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ہفتے کو سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ وکلا اب اپنے مطالبات منوانے کے لئے سڑکوں پر نکل آئیں گے-
اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ اگرچہ وکلا وزیر اعظم کے استعفے کے معاملے پر دو حصوں میں تقسیم ہو گئے ہیں لیکن اگر تحریک شروع ہوئی تو سبھی بار کے وکلا متحد ہو کر تحریک چلائیں گے-
واضح رہے کہ ہفتے کو سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن اور لاہور ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے پاکستانی وزیر اعظم سے ایک ہفتے میں مستعفی ہو کر پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا مطالبہ کیا ہے-
اس موقع پر وکلا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سات روز کے اندر استعفی دے دیں ورنہ ملک گیر تحریک چلائی جائے گی-