امریکہ کی جنگ اسلام کے خلاف ہے
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i288944-امریکہ_کی_جنگ_اسلام_کے_خلاف_ہے
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ، مسلمانوں کا دوست نہیں اس لئے سعودی عرب کو امریکہ کا ساتھ چھوڑ دینا چاہیئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۰۳, ۲۰۱۷ ۰۳:۱۷ Asia/Tehran
  • امریکہ کی جنگ اسلام کے خلاف ہے

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ، مسلمانوں کا دوست نہیں اس لئے سعودی عرب کو امریکہ کا ساتھ چھوڑ دینا چاہیئے۔

جمعیت علماء اسلام کے امیر اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ کبھی مسلمانوں کا خیرخواہ نہیں رہا، وقت نے ثابت کیا کہ امریکہ کی جنگ دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ اسلام کے خلاف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری سرکاری دہشت گردی کی حمایت کرکے امریکہ بے نقاب ہو چکا ہے ۔

مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ نائن الیون سے امریکہ، پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف سازشیں کر رہا ہے، مشرف نے اس کا ساتھ دے کر پاکستان کو کمزور پوزیشن میں ڈال دیا ہے مگر اب پاکستان دباؤ سے نکل چکا ہے، ہم کو تنہا کرنے کی کوشش کرنے والے خود تنہائی کا شکار ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ امریکہ، سعودی عرب کا کبھی دوست نہیں ہو سکتا، سعودی حکومت کو بھی امریکہ کے بجائے عالم اسلام کے اتحاد کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔

مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک دشمن و اسلام دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کی تکیمل میں رکاوٹ ہیں اس لئے ہم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے مگر اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔