پاکستان اورافغانستان انتہا پسندی کا شکار
امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزازچوہدری نے کہاہے کہ دہشتگردوں نے پاک افغان بارڈر پر پہاڑی علاقوں کو اپنی پناہ گاہ بنا رکھا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کے لئے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے کیونکہ دونوں ممالک اس وقت انتہا پسندی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان جب بھی غیر مستحکم ہوا پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑاہے.
اعزازچوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ماہانہ 150واقعات ہوتے تھے اب نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ انتہا پسند گروپوں نے پاک افغان سرحد پر پہاڑی علاقوں کو پناہ گاہ بنا رکھا ہے ، انتہا پسند ان علاقوں سے دہشت گردی کے منصوبے بنا تے ہیں ۔
واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان اورافغانستان کے مابین لفظی جنگ اپنے انتہا کو پہنچ چکی ہے ۔ دونوں ممالک ایک دوسرے پر دہشتگردوں کی حمایت کا الزام عائد کر رہے ہیں۔