تحریک انصاف پاکستان کا نواز شریف سے استعفی کا مطالبہ
تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جی آئی ٹی رپورٹ سامنے آنے کے بعد نواز شریف کو مستعفی ہو جانا چاہئے۔
تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جی آئی ٹی رپورٹ سامنے آنے کے بعد شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ان سے اقتدار چھوڑ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے تمام خدشات سچ ثابت ہوگئے اور سب کچھ سامنے آگیا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی چوری چھپانے کے لئے اداروں سے غلط کام کرائےاور ان کی ساکھ خراب کی۔
عمران خان نے کہا کہ پاناما کا معاملہ آنے کے بعد اسپیکر اسمبلی نے ان کے بجائے میرے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس بھیجا اور اب تو اسپیکر ایاز صادق کو استعفی دیدینا چاہئے۔
پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی ہے۔
پاناما معاملے پر جے آئی ٹی کی ساٹھ روزہ تفتیش کی رپورٹ دس جلدوں پر مشتمل ہے جسے آج پاکستان سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا ہے