ریاض میں نواز شہباز ون ٹو ون ملاقات
پاکستان کی حکمراں جماعت مسلم لیگ کے قائدین ریاض میں آپسی صلاح و مشورے میں سرگرم ہیں۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں نوازشریف اورشہباز کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی ہے۔ ریاض کے ایک ہوٹل میں ہونے والی اس ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ پاکستانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف کی سعودی حکام سے بھی ملاقات کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، چند دیگر لیگی رہنما اور نواشریف کے قریبی رفقا بھی ان دنوں سعودی عرب میں موجود ہیں۔
اس درمیان نوازشریف اور دیگر لیگی رہنماؤں کا دورہ سعودی عرب مسلسل افواہوں کی لپیٹ میں ہے۔
پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ایک اور این آر او کی تیاری کی جارہی ہے تاہم حکمراں جماعت مسلم لیگ نون کے حلقے اس قسم کی افواہوں کی تردید کرتے ہیں۔