افغان مسئلے کا حل مقامی اسٹیک ہولڈرز کے پاس
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاک سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے واشنگٹن میں امریکی صحافیوں کے 8 رکنی سے ملاقات کی اور پاکستان سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں تاہم اب پاک سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پاک افغان مسئلے کے حوالے سے امریکی صحافیوں کے سوال پراعزاز چوہدری نے کہا کہ افغان عدم استحکام کا اثر خطے خصوصاً پاکستان پر پڑا تاہم افغان مسئلے کا حل صرف مقامی اسٹیک ہولڈرز کے پاس ہے جس کے لیے پاکستان شراکت داروں سے مل کر افغانستان مسئلے کے حل میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے افغان استحکام بہت ضروری ہے۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے باعث معاشی اشارے مثبت ہیں جس کے باعث پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہترین اور شاندار ہوگئی، انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کامیاب فوجی آپریشن سے متاثرہ علاقے دہشتگردی سے پاک کردیئے جب کہ دہشت گردی سے پاک علاقوں میں معاشی اور ترقیاتی کام جاری ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی اور مذموم عزائم کے خلاف ہے تاہم پاکستان کے متعلق غلط تصور رد کرکے نئے انداز سے دیکھنا ہوگا۔