نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کی عدالت میں پیشی
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی اور داماد کے ہمراہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیر کو بھی پیش ہوئے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
کمرہ عدالت سے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے ایک بار پھر کہا کہ ان کے اور ان کے گھر والوں کے خلاف یہ مقدمات سیاسی ہیں اور اب تک کی کارروائی میں ان کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہو سکا ہے-
نواز شریف کا کہنا تھا کہ کسی کو بند گلی میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو انتخابات سے پہلے دھاندلی ہے-
انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کے الیکشن کو قبول نہیں کیا جائے گا- انہوں نے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چار برسوں سے ترقی کی رفتار تیز تھی لیکن عدالتی فیصلے کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن پاکستان اب تنزلی کی جانب جا رہا ہے-
واضح رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے پاناما کیس میں مالی بدعنوانی کے الزامات کے تحت پہلے نواز شریف کو وزارت عظمی کے عہدے کے لئے نااہل قرار دیا تھا اور اس کے بعد پارٹی کی صدارت کے لئے بھی انہیں نااہل قرار دے دیا-