Aug ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • توہین آمیزخاکوں کی اشاعت پرہالینڈ کے سفیر کوملک بدرکرنے کا مطالبہ

پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے توہین آمیزخاکوں کی اشاعت پر ہالینڈ کے سفیر کو پاکستان سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں نئی بننے والی تحریکِ انصاف کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا نوٹس لے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعظم مشترکہ لائحہ عمل کے لیے اسلامی ممالک سے رابطہ کریں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے عقیدے و محبت کے مرکز پر حملے کیے جا رہے ہیں، وزیرِ اعظم کو اس صورت حال کا نوٹس لے کر ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے۔

سنی تحریک،لبیک سٹوڈنٹس فیڈریشن، انجمن طلباء اسلامیہ، جمعیت علماء پاکستان (نورانی) نے ملک بھر میں یوم تحفظ ناموس رسالت منایا، ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام نے ہالینڈ کے اسلام دشمن رویے اور توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کی، گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کیخلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں جبکہ کئی شہروں میں پُرامن احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئےمقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ہالینڈ کا سفارت خانہ فوری طور پر بند کرے، ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے، ہالینڈ کی مصنوعات پر پابندی لگائی جائے، اقوام عالم میں ہالینڈ کے اسلام دشمن اہانت رسول پر مبنی اقدامات کے خلاف صدائے حق بلند کرتے ہوئے ہالینڈ کی کھلی دہشت گردی اور دنیا کے امن کو تباہ کرنے کی سازش کے خلاف فوری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آزادئ اظہار رائے کا مطلب کسی دوسرے کی آزادی پر ضرب لگانا ہر گز نہیں، فرانس میں مساجد کی تعمیر، داڑھی رکھنے اور حجاب پرپابندی بھی انتہا پسندی ہے، یورپی یونین کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔

ٹیگس