سدھو کی قیادت میں ہندوستانی وفد پاکستان پہنچ گیا
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے کرتار پور سرحدی راہداری کا سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب میں شرکت کے لئے،ہندوستان کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے سابق کرکٹر اور سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو کی قیادت میں ہندستانی وفد منگل کو واگھا سرحد سے پاکستان میں داخل ہوا۔ ہندوستان کا یہ سرکاری وفد دونوں ملکوں کے درمیان کرتار پور سرحدی راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچا ہے۔
کرتار پور سرحدی راہداری کا سنگ بنیاد بدھ اٹھائیس نومبر کو، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ایک پر وقار تقریب کے دوران رکھیں گے۔
تقریب میں شرکت کے لئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی ہندوستانی ہم منصب ، ہندوستان کی ریاست پنجاب کے وزیر اعلی اور نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت نامے بھیجے تھے، لیکن ہندوستان کی وزیر خارجہ اور ریاست پنجاب کے وزیر اعلا نے تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔ سشما سوراج نے ہندوستان کی طرف سے دو مرکزی وزرا کو تقریب میں شرکت کے لئے بھیجا ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو ہندوستانی وفد لے کر پاکستان پہنچے تو انھوں نے صحافیوں سے گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کرتار پور سرحدی راہداری کی تقریب میں شرکت ان کے لئے اعزاز ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس سرحدی راہداری کے کھلنے سے گرونانک کے باروہ کروڑ نام لیواؤں کو خوشی ہوگی۔
واضح رہے کہ سکھ یاتریوں کی سہولت کے لئے کرتار پور سرحدی راہداری کھولنے کی درخواست نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے اس وقت کی تھی جب ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے اسلام آباد گئے تھے ۔ اس کے بعد عمران نے کرتار پور راہداری کی تجویز ہندوستان کو پیش کی جس کو ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے منظور کرلیا۔