پاکستان : غربت کے خاتمے کے لیے جامع پروگرام کی تدوین کا اعلان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمے کے لیے جامع پروگرام کی تدوین کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کی جانب یہ پہلا قدم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت عنقریب غربت کم کرنے کا جامع منصوبہ پیش کرے گی اور سارے اداروں کو ایک چھت کے نیچے لا کر نچلے طبقے کے لیے بہترین پروگرام تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ملک کی پسماندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرتا جب تک وہ صحت اور تعلیم پر رقم خرچ نہ کرے۔عمران خان کہنا تھا کہ پاکستان تعلیم اور صحت دونوں شعبوں میں بہت پیچھے رہ گیا ہے جبکہ ہندوستان اور سری لنکا یہاں تک کہ بنگلہ دیش بھی ہم سے آگے ہیں۔پاکستانی وزیر اعظم کے جاری کردہ صحت کارڈ اسکیم کے تحت ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو علاج و معالجے کی مفت سہولتیں میسر ہوں گی۔