نوازشریف کی علالت، حکومت کو شہباز شریف کا انتباہ
پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے خبردار کیا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو وزیر اعظم عمران خان اس کے ذمہ دار ہوں گے
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، حکومت اس سلسلے میں بدترین غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔انھوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت اور وزیر اعظم عمران خان ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہو چکی ہے، وہ بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریض بھی ہیں۔دوسری جانب سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے شکایت کی ہے کہ انہیں سنیچر کو اپنے والد سے نہیں ملنے دیا گیا ۔ انھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ ان کے والد نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے لیکن انہیں والد سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔