پاکستان میں شہباز شریف اور حمزہ شریف کے گھروں پر نیب کے چھاپے
نیب کی ٹیم نے پاکستان میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز شریف کے گھروں پر چھاپہ مارا ہے۔
پاکستان کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم نے جمعے کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کے گھروں پر چھاپہ مارا ہے-
خبروں میں کہا گیا ہے کہ نیب کی ٹیم ماڈل ٹاؤن لاہور میں شہباز شریف کے گھر سے کسی کو گرفتار کئے بغیر روانہ ہو گئی- خبروں میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز اپنے گھروں میں موجود ہیں-
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون نے کہا ہے کہ نیب کا چھاپہ اور حمزہ شہباز کی گرفتاری ہائی کورٹ کے حکم کے منافی ہے- مسلم لیگ نون نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ پہلے ہی اپنے حکم میں کہہ چکی ہے کہ حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کے لئے دس دن پہلے اطلاع دے-
نیب نے کہا ہے کہ اس نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپہ مارا ہے- نیب نے یہ بھی کہا کہ اس کی ٹیم کو وہاں مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور لیگی کارکنوں نے نیب کی ٹیم کے افراد کو زد و کوب بھی کیا-