کشمیری عوام کی حمایت آخری دم تک جاری رکھیں گے، عمران خان
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ پورا پاکستان کشمیری عوام کی حمایت میں کھڑا ہے ۔
اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر یوم یک جہتی کشمیر کی ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بہت ہی سخت حالات سے گزر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ چار ہفتے سے اسّی لاکھ کشمیری عوام کرفیو میں بند ہیں ۔پاکستان کے وزیر اعظم نے ہندوستان کی مرکزی حکومت پر آرایس ایس کے نظریئے پر عمل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو اقوام متحدہ خاموش رہتی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہی ہندوستان کے جنگ آزادی کے رہنما گاندھی کو قتل کیا تھا اور آر ایس ایس والے نہ ہندوستان کے آئین کو مانتے ہیں اور نہ ہی کسی عدالت کو ۔انھوں نے اسی کے ساتھ ہندوستان کی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے خلاف کوئی اقدام کیا تو پاکستان اینٹ کا جواب پتھر سے دے گا ۔انھوں نے اسی کے ساتھ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑجانے کے خدشے کی بابت دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں دنیا کو بتارہا ہوں کہ جب دو ایٹمی ممالک آمنے سامنے ہوں گے تو اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے ۔