Nov ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  •  عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کردیا

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے سکھوں کے پیشوا گرونانک کے پانچ سو پچاسویں یوم پیدائش پر کرتار پور راہداری کا افتتاح کردیا جس پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ہندوستان کے سکھ یاتریوں کے لئے، کرتار پور راہداری کا افتتاح کردیا۔ کرتار پور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے گرونانک کے پانچ سو پچاسویں یوم پیدائش پر سکھ برداری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں آج بھی اولیا کے مزاروں پر اس لئے حاضری دی جاتی ہے کہ انھوں نے انسانیت کےلئے کام کیا ہے۔ انھوں نے سکھ برادرای کے لئے کرتا پور کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کرتار پور سکھوں کے لئے وہی اہمیت رکھتا ہے جو مسلمانوں کے لئے مدینہ منورہ کی ہے۔انھوں نے اپنے خطاب میں اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو مخاطب کرکے کہا کہ انسانی بنیادوں پر مسئلہ کشمیر حل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں وزیر اعظم بنا تو نریندر مودی سے کہا کہ آئیے مل کے غربت کے خلاف جنگ کریں اور مسئلہ کشمیر کو حل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن برصغیر میں امن کے لئے ہماری کاوشوں کا منھ بولتا ثبوت ہے۔ کرتار پور راہداری کے افتتاح کی تقریب میں ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ ، ہندوستانی ریاست پنجاب کے وزیر اعلی امریندر سنگھ، سابق کرکٹر اور سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو اور اداکار سنی دیول کے ساتھ ہی ہزاروں سکھ یاتریوں نے بھی شرکت کی جو ہندوستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ملکوں سے بھی آئے تھے۔ اس موقع پر ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کہا کہ آج کا دن سکھ برادری کے لئے بہت بڑا دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرتاپور راہداری شروع ہونے سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ سابق کرکٹر اور سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ عمران خان وہ سکندر ہیں جنہوں نے کروڑوں سکھوں کے دل جیت لئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسے لوگ ہی تاریخ بنایا کرتے ہیں۔نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ میں سکھ قوم کی آواز بن کے بول رہاہوں، آپ نے سکھ قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ادھر ہندوستان میں ڈیرہ بابا گروہ نانک میں کرتار پور راہداری انٹر گریٹیڈ چیک پوسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیر ا‏عظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ اس راہداری کے افتتاح پر اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ہندوستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی جانب سے اس راہداری کو جلد بنانے پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ہندوستانی وزیر اعظم نے کہا کہ کرتار پور راہداری ہم سب کے لئے خوشی لیکر آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ہندوستان کے جذبات کو سمجھا اس تعاون کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔