پاکستان میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا مسئلہ
پاکستان میں ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی، تعیناتی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی کوئی غلط فہمی نہیں ہے، عسکری قیادت سے میرے سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر ہونے والی قیاس آرائیاں درست نہیں، اس میں تکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہوجائے گی۔
تاہم دوسری جانب پاکستان کے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نئی ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے، فوج کا اپنا طریقہ کارہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد وزیرداخلہ شیخ رشید نے صحافیوں کو بتایا کہ نئی تعیناتی کے لیے وزیراعظم نے انٹرویو کی کوئی بات نہیں کی، وزیراعظم سیاسی طور پر سوچ رہے تھے، فوج کا اپنا طریقہ کارہے۔ وزیراعظم نے بتایا ہے کہ سب چیزیں باہمی طور پر طے ہوگئی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا اور اس حوالے سے تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔