Jun ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۳ Asia/Tehran
  • مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر ق لیگ  کے حصے بخرے ہو گئے

مسلم لیگ ن یا پھر تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر مسلم لیگ ق میں دراڑیں پڑ گئیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیر اعظم شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے صاحبزادے حسین الہیٰ نے ق لیگ چھوڑ دی ہے۔

اس بات کا اعلان چودھری وجاہت کے صاحبزادے حسین الٰہی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا، اس ٹویٹ کو اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی نے بھی ری ٹویٹ کیا۔

حسین الہیٰ نے اعلان کیا کہ ق لیگ کے ساتھ اپنا سیاسی سفر ختم کر رہا ہوں، ہمیشہ یہی کہا ہے میرے لیے میرا ملک سب سے پہلے ہے۔ اس جماعت میں نہیں رہ سکتا جو شہباز شریف کی حمایت کرتی ہے۔ مستقبل کی سیاست کا فیصلہ مونس الہیٰ کے ساتھ کروں گا۔

اس سے قبل ذرائع کے حوالے سے یہ خبر آئی تھی کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) سیاسی معاملات پر اختلافات کا شکار ہے اور چودھری برادران نے سیاسی طور پر ایک دوسرے سے اپنے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین، چودھری سالک حسین مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھل کر کھڑے ہوگئے، چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور چودھری حسین الٰہی تحریک انصاف کے اتحادی رہیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ خاندانی اختلافات میں شدت کے باعث سیاسی معاملات پر راہیں جدا کی گئیں، پہلی بار خاندان کے دونوں بڑوں نے الگ الگ سیاسی راستوں کا اعتراف کر لیا جبکہ دوریاں بڑھنے کے باعث جلد حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

ٹیگس