کالعدم تحریک طالبان نے پاکستان کے ساتھ سیز فائر ختم کرنے کا اعلان کردیا
ٹی ٹی پی نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر سیز فائر ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے بامقصد مذاکرات نہ ہونے پر سیز فائر کا معاہدہ ختم کیا جا رہا ہےجس میں قیدیوں کی رہائی، فوجی آپریشن سمیت فریقین کے درمیان مؤثر رابطے نہ ہونے جیسے عوامل شامل ہیں ۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ ان کے کچھ قیدی رہا کئے گئے مگر انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا جو معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں ٹی ٹی پی چیف مفتی نور ولی کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ بامقصد مذاکرات کی کبھی نفی نہیں کی جو کہ شرعی اصولوں کا حصہ ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہ ہونے پر وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، تاہم کامیاب مذاکرات کی صورت میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
واضح رہے کے افغان حکومت کی درخواست پر اکتوبر میں پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات کا تاحال کوئی سیاسی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے۔ ٹی ٹی پی اور حکومت پاکستان کے درمیان فاٹا کی سابقہ حیثیت میں بحالی اور قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر اہم معاملات پر مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔