Jan ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • آصف زرداری نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے عمران خان، پیپلز پارٹی کی تردید

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ مجھے قتل کرنے کے لیے اب پلان سی بنایا گیا ہے جس کیلیے زرداری نے دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دیے ہیں جس کی پیپلز پارٹی نے سختی سے تردید کی ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: زمان پارک لاہور سے بذریعہ ویڈیو لنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اب پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں۔ انہوں نے آصف زرداری پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دہشت گرد تنظیموں کو مجھے قتل کرانے کیلیے پیسے دیے اور سہولت کاری کیلیے پیسہ لگایا، اس سازش میں سہولت کار طاقت ور ایجنسیوں کے لوگ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ میرے خلاف اگلی واردات کرنے والے ہیں جس کی آج ہی قوم کو خبر دے رہا ہوں، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور مجھے کسی کا خوف نہیں، میں ہر صورت انتخابی مہم پر نکلوں گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے ان کے نام اسلیے لکھے ہیں تاکہ قوم انہیں کبھی معاف نہ کرے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سے پہلے میرے قتل کا بند کمرے میں فیصلہ کرنے والے چار لوگ تھے جنہوں نے مجھے راستے سے ہٹانے کی سازش کی،  مجھے قتل کی سازش کا معلوم ہوا تو ویڈیو بنا کر بیرون ملک بھیج دی تھی اور عوامی جلسے میں اعلان کردیا تھا کہ اگر کچھ ہوا تو ویڈیو ریلیز ہوجائے گی، اس ویڈیو میں سازش کرنے والے چار لوگوں کے نام ہیں جن میں زرداری بھی شامل ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے آصف زرداری پر عمران خان کے الزام کو گھناؤنا قرار دے کر تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پاکستان کے نجی ٹیلی ویژن چینل کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عمران نے اپنا وتیرہ بنا لیا ہے کہ اپنے مخالفین پر جو منہ میں آئے الزام لگا دیں۔ انہوں نے کہا کہ الزام سچا ہے تو ملزم کو سزا ملنی چاہیے، الزام ثابت نہیں ہوتا تو عمران خان کو سزا ملنی چاہیے۔

ٹیگس