Jun ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: صحافی اور اینکر احرام میں ایئر پورٹ سے گرفتار

یوٹیوبر اور اینکر عمران ریاض خان کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

سحر نیوز پاکستان: یوٹیوبر اور اینکر عمران ریاض کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران ریاض کو احرام میں ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد جن کے ساتھ پولیس بھی تھی انہوں نے گرفتار کر لیا ہے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ پر ہاتھا پائی بھی ہوئی، عمران ریاض تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔ دوسری جانب، عمران ریاض خان کے ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کو ایئرپورٹ عدالتی احکامات کے باوجود احرام میں وردی اور بغیر وردی افراد نے گرفتار کیا، عمران ریاض خان کو دھکے اور بدتمیزی سے گرفتار کیا، وہ اونچی آواز میں لبیک اللہ پڑھتے رہے ان کو ایک کالے ویگو میں بٹھایا گیا۔

اسی ٹوئٹ میں ان کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے کہ جس میں عمران ریاض نے کہا کہ ’مجھے حج کے لیے جانا ہے، اس ملک کو نہیں چھوڑنا، سب لوگ جانتے ہیں کہ میں اس ملک کو کبھی نہیں چھوڑ کر جاؤں گا، میں اس ملک میں رہنا چاہتا ہوں لیکن میں زندہ اور آزاد بھی رہنا چاہتا ہوں۔‘ دریں اثنا، عمران ریاض خان کو گرفتار کرنے کے حوالے سے درج ایف آئی آر کی تفصیلات کے لیے متفرق درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔

ٹیگس