جگر کو عام بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا آسان نسخہ
https://urdu.sahartv.ir/news/society_culture-i455604-جگر_کو_عام_بیماریوں_سے_محفوظ_رکھنے_کا_آسان_نسخہ
جگر پر چربی چڑھنے کا عارضہ اتنا عام ہے کہ دنیا بھر کے 30 فیصد افراد اس سے متاثر ہیں اور اس کے حوالے سے مؤثر علاج بھی موجود نہیں۔
(last modified 2026-08-24T06:33:03+00:00 )
Aug ۲۴, ۲۰۲۶ ۱۰:۰۲ Asia/Tehran
  • جگر کو عام بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا آسان نسخہ

جگر پر چربی چڑھنے کا عارضہ اتنا عام ہے کہ دنیا بھر کے 30 فیصد افراد اس سے متاثر ہیں اور اس کے حوالے سے مؤثر علاج بھی موجود نہیں۔

سحرنیوز/صحت: مگر اب ماہرین نے ایک ایسی دریافت کی ہے جو جگر کے اس عام ترین عارضے سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

جرنل نیوٹریشنز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹماٹر کھانے کی عادت جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔

اس تحقیق میں جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے کے شکار 79 افراد کو شامل کیا گیا تھا۔

ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو ٹماٹروں سے دور رکھ کر مخصوص غذا استعمال کرائی گئی جبکہ دوسرے گروپ میں شامل افراد کو روزانہ 200 گرام کچے ٹماٹر اور 50 گرام ٹماٹو ساس استعمال کرایا گیا۔

 

یہ سلسلہ 6 ہفتوں تک جاری رہا، جس دوران کولیسٹرول کی سطح، جگر کی صحت اور دیگر جسمانی اثرات کو مانیٹر کیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ دونوں گروپس میں جگر پر چربی کی سطح میں کمی آئی مگر ٹماٹر کھانے والے گروپ میں یہ زیادہ نمایاں تھی۔

مزید تجزیہ کرنے پر دریافت ہوا کہ ٹماٹر کھانے سے جگر پر چربی کے اجتماع میں کمی آتی ہے، چاہے جسمانی وزن میں کمی آئے یا نہ آئے۔

محققین کے مطابق جگر پر چربی چڑھنے کی دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں تو نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

البتہ ان کا کہنا تھا کہ یہ ضرور عندیہ ملتا ہے کہ ٹماٹر کھانے سے جگر کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ٹماٹر دل کی صحت کے لیے بھی مفید ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ جگر پر چربی چڑھنے کا مرض ایک دائمی عارضہ ہے جس کا سامنا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ہوتا ہے۔

 

عام طور پر اس بیماری کے لیے نان الکحلک فیٹی لیور ڈیزیز کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے اور یہ جگر کے امراض کی عام ترین قسم ہے۔

اس بیماری کے دوران جگر بہت زیادہ مقدار میں چربی ذخیرہ کرنے لگتا ہے اور اس کا علاج نہ ہو تو اس کے افعال تھم جاتے ہیں۔

جگر کی اس بیماری کے نتیجے میں میٹابولک امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

صحت مند جگر میں چربی کی مقدار بہت کم ہوتی ہے اور اس میں معمولی اضافے کو بھی بیماری تصور کیا جاتا ہے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channe