Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۲:۱۰ Asia/Tehran
  • محمد علی کلے کی نماز جنازہ میں ہزاروں مسلمانوں کی شرکت

دنیا کے عظیم ترین باکسر محمد علی کلے کی نماز جنازہ میں ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویلی میں دنیا کے عظیم باکسر محمد علی کلے کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد ان کی تدفین جمعے کو ان کے آبائی علاقے میں کی جائے گی۔

تین مرتبہ ہیوی ویٹ چیمپیئن شپ جیتنے والے عظیم باکسر محمد علی ایک طویل عرصے سے پارکنسن کے مریض تھے اور چار جون دوہزار سولہ کو چوہتر برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ عمر کے آخری حصے میں وہ گفتگو کرنے سے بھی قاصر تھے لیکن چاہتے تھے کہ ان کی نمازِ جنازہ میں ہر خاص و عام شریک ہوں اور اسی لیے ایک عظیم اور عالمی شہرت یافتہ شخصیت کے جنازے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے تاہم جمعہ کے روز ان کی تدفین میں صرف ان کے اہلِ خانہ ہی شریک ہوسکیں گے۔

نمازِ جنازہ کے دوران امریکا بھر سے مسلمان علما اور اسکالرز نے باکسر محمد علی کے لیے دعائے مغفرت کی اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ جمعہ کے روز ان کی ریاست میں امریکا کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا-

واضح رہے کہ محمد علی سترہ جنوری انیس سو بیالیس میں پیدا ہوئے اوران کا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر تھا، انیس سو چونسٹھ میں اسلام قبول کرنے کے بعد ان کا نام محمد علی رکھا گیا۔ محمد علی نے کھیل کے علاوہ امریکہ میں سیاہ فام آبادی کے حقوق کے لئے بھی نمایاں خدمات انجام دیئے۔

 

ٹیگس