Jan ۱۸, ۲۰۲۶ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • آئی سی سی مینز ٹی 20  ورلڈ کپ 2026, ایک اور تنازعہ!

آئی سی سی منز ٹی 20 ورلڈکپ 2026 جیسے جیسے نزدیک آ رہا ہے ویسے ویسے ہر دن ایک نیا تنازعہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ بنگلہ دیش ہندوستان میں کھیلنے پر راضی نہیں ہے۔ وہیں آئی سی سی بھی شیڈول میں تبدیلی کے لیے تیار نہیں ہے۔ ساتھ ہی آئرلینڈ ٹورنامنٹ پرشک ظاہر کرتے ہوئے گروپ سویپ سے اتفاق نہیں کر رہا ہے۔

سحرنیوز/کھیل: ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20  ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں جاری تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پہلے ہندوستان اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھنے پر جم کر بحث ہوئی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم نے ہندوستان میں اپنے میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔

ان حالات میں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آئی سی سی کے ساتھ ایک میٹنگ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تجویز پیش کی تھی کہ بنگلہ دیش اور آئرلینڈ آپس میں گروپ بدل لیں جس سے بنگلہ دیش کے میچ آگے بڑھ جائیں۔ بورڈ نے دلیل دی کہ اس سے لاجسٹک تبدیلیاں کم سے کم ہوں گی۔

تاہم کرکٹ آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ تبدیل کرنے کی تجویز کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد بی سی بی کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ اس دوران کرکٹ آئرلینڈ نے واضح کیا ہے کہ اس کی ٹیم کا شیڈول جوں کا توں رہے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیم اپنے سبھی گروپ اسٹیج میچ سری لنکا کی راجدھانی کولمبو میں کھیلے گی۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

کرکٹ آئرلینڈ کے ایک اہلکار نے ’کرک بز‘ کو بتایا کہ ہمیں آئی سی سی کی طرف سے واضح یقین دہانی ملی ہے کہ ہم اصل شیڈول سے نہیں ہٹیں گے۔ ہم یقینی طور پر سری لنکا میں ہی گروپ اسٹیج میچ کھیلیں گے۔ اس بیان سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی امیدوں کو براہ راست دھچکا لگا ہے۔ بنگلہ دیشی بورڈ مسلسل آئی سی سی سے گزارش کررہا ہے کہ اس کی ٹیم کے مقابلے ہندوستان کی بجائے سری لنکا میں میچ دیئے جائیں۔

ٹیگس