ہیرو شیما پر امریکی بمباری کی یاد، ایرانی اداکار جاپان روانہ
ہیرو شیما پر امریکی بمباری کی یاد میں منعقدہ فلم فیسٹول میں شرکت کے لئے ایرانی فلمسٹار جاپان روانہ ہو گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق "امن ودوستی" کے زیرعنوان ہونے والے فلمی میلے میں شرکت کے لئے ایرانی فلمسٹاروں کا ایک وفد جاپان گیا ہے۔ یہ فلمی میلہ ہرسال ہیروشیما پر امریکہ کی ایٹمی بمباری کی مناسبت سے منعقد کیا جاتا ہے۔ اس فلمی میلے میں شرکت کے لئے جن چھے فلمسٹاروں کو بھیجا گیا ہے ان کا شمار، سنہ اسّی کے عشرے کے دوران عراق کے سابق ڈکٹیٹر صدام کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں، کیماوی ہتھیاروں سے زخمی ہونے والے افراد میں ہوتا ہے۔ ایران کے معروف اور ہردل عزیز فلمسٹار "پرویز پروستوئی" ، ہمایون اسعدیان" ، "مازیار میری"، "حسین برزیدہ" ، "پژمان لشگری پور"، " حبیب احمدزادہ" ، "محسن یزدی"، "وحید یامین پور" اور شہید طاہری کے فرزند " علی اکبر سیاح طاہری" کے علاوہ فلمی دنیا کی کئی دوسری معروف شخصیات ہیروشیما جانے والے وفد میں شامل ہیں۔ مذکورہ وفد امن و دوستی کے نام سے معروف اس فلمی میلے میں شرکت کے ضمن میں، جاپانی عوام کو ملت ایران کی جانب سے امن و دوستی کا پیغام پہنچائے گا۔