Jun ۲۶, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • ورلڈکپ کرکٹ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے

ورلڈکپ کے اہم میچ میں کل آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔

ورلڈکپ کرکٹ کے اہم میچ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین مقابلہ ہوگا۔ جبکہ اس سے قبل کل آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا کے 286 رنز کے جواب میں ہوم ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آسٹریلیا کے فاسٹ بولنگ اٹیک کے سامنےانگلش بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی، پیسر جیسن بہرین ڈوف اور مچل اسٹارک نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دیے، رواں ورلڈکپ میں ریکارڈ ہدف دینے والی انگلش ٹیم کے 6 پلیئرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

فاسٹ بولر بہرین ڈوف نے پہلے ہی اوور میں اوپنر ونس کو صفر پر بولڈ کر دیا جب کہ 15 کے مجموعے پر جوئے روٹ  کو مچل اسٹارک نے چلتا کیا، 26 کے مجموعی اسکور پر کپتان مورگن کو بھی اسٹارک نے پویلین کی راہ دکھا دی، وہ صرف 4 رنز ہی بنا سکے، جس کے بعد بیرسٹو بھی 27 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے، 53 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد بین اسٹوکس اور بٹلر نے پانچویں وکٹ پر 71 رنز جوڑے تاہم بٹلر 25 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا ساتھ چھوڑ گئے اور یوں 124 کے مجموعے پر آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی تمام امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب ایک اینڈ پر ڈٹے ہوئے بین اسٹوکس 89 رنز پر بولڈ ہوگئے، ان کے آؤٹ ہوتے ہیں وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیسن بہرین ڈوف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل اسٹارک نے 4 اور اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پراعتماد انداز میں کیا، دونوں اوپنرز نے 123 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد وارنر 53 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے شانداز کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کی،

انگلش بولرز نے اننگز کے آخری 15 اوورز میں زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز ہی بناسکی۔

 

ٹیگس