ری یونین جزیرے میں ملنے والا پرزہ، بوئنگ 777 کا ہے
Jul ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
ملائیشیا کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ بحر ہند کے ری یونین جزیرے میں ملنے والا پرزہ، ان کے ملک کے لاپتہ ہونے والے طیارے کے ماڈل سے متعلق ہے-
ملائیشیا کے نائب وزیر ٹرانسپورٹ عبدالعزیز کپراوی نے کہا ہے کہ اس بات کا یقین ہے کہ طیارے کا ملنے والا پرزہ، بوئنگ سات سو ستّتر کا ہے، تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ یہ پرزہ، ملائیشین ایئر لائنز کے لا پتہ طیارے ایم ایچ، تین سو ستر، سے متعلق ہے۔ واضح رہے کہ بوئنگ سات سو ستّتر مسافر بردار طیارے کا یہ پرزہ، گذشتہ دنوں مغربی بحر ہند کے جزیرے ری یونین میں ملا تھا جسے مزید تحقیقات کے لئے فرانس منتقل کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ سات مارچ دو ہزار چودہ کو کوالالمپور سے بیجنگ جانے والا ملائیشین ایئر لائنز کا بوئنگ سات سو ستّتر طیارہ، پرواز کے تھوڑی دیر بعد راڈار سے خارج ہو گیا تھا جس کا اب تک کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے- اس طیارے میں دو سو انتالیس مسافر سوار تھے-